اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سدرن سروسز گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے نئے گھریلو گیس کنکشنز کے حوالے سے اہم اعلان کیا ہے۔ کمپنی نے واضح کیا ہے کہ سب سے پہلے وہ درخواستیں نمٹائی جائیں گی جو پہلے سے جمع ہو چکی ہیں۔حکام کے مطابق اس وقت گھریلو گیس کنکشن کے لیے تقریباً 39 ہزار درخواستیں زیر التوا ہیں، جنہیں مرحلہ وار منظور کیا جائے گا۔ ایس ایس جی سی کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ پہلے سال 3 لاکھ اور دوسرے سال 6 لاکھ نئے کنکشنز فراہم کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ گھروں کو گیس کی سہولت میسر ہو سکے۔
نیو کنکشن فیس کے حوالے سے بتایا گیا کہ 10 مرلے تک کے گھروں کے لیے 21 ہزار روپے جبکہ 10 مرلے سے بڑے گھروں کے لیے 23 ہزار روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ صارفین کو 20 ہزار روپے بطور سیکیورٹی ڈپازٹ بھی جمع کروانا ہوگا۔ نئے صارفین کو اوگرا سے منظور شدہ آر ایل این جی معاہدے پر دستخط کرنا لازمی ہوگا۔کمپنی نے مزید کہا کہ نئی درخواستیں نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد وصول کی جائیں گی، تاہم پرانی درخواستیں پہلے نمٹائی جائیں گی۔ درخواست فارم قریبی سوئی گیس ریجنل آفس سے حاصل کیے جا سکتے ہیں یا کمپنی کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کیے جا سکتے ہیں۔
فارم کو لازمی طور پر بڑے حروف (Capital Letters) میں بھرا جانا چاہیے اور منظوری نیٹ ورک کی دستیابی کے مطابق دی جائے گی۔درخواست کے ساتھ ضروری کاغذات میں قومی شناختی کارڈ کی کاپی، جائیداد کے مالک ہونے کا ثبوت اور ہمسایہ جائیداد کا حالیہ گیس بل شامل ہونا ضروری ہے۔ کاغذات جمع کرانے کے بعد ایس ایس جی سی کی ٹیم سائٹ کا دورہ کرے گی تاکہ تکنیکی معائنے کے بعد صارف کو پروپوزل لیٹر یا ڈیمانڈ نوٹس جاری کیا جا سکے، جس میں انسٹالیشن کے اصول اور منظور شدہ کنٹریکٹرز کی فہرست شامل ہوگی۔