اسلام آباد (نیوز ڈیسک) گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر یہ افواہ تیزی سے گردش کرتی رہی کہ پاکستانی کرنسی نوٹوں سے ’’حصولِ رزقِ حلال عبادت ہے‘‘ کی عبارت ہٹا دی گئی ہے۔ مختلف پلیٹ فارمز جیسے فیس بک، ایکس (ٹوئٹر)، انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور یوٹیوب پر یہ دعویٰ بار بار دہرایا گیا کہ یہ الفاظ اب نوٹوں کی پشت پر نظر نہیں آتے۔ اس پر کئی صارفین نے تشویش اور غصے کا اظہار کیا اور سوال اٹھایا کہ اگر یہ عبارت ختم کر دی گئی ہے تو پھر حلال و حرام آمدن میں فرق کیسے اجاگر ہوگا۔تاہم حقائق اس کے برعکس نکلے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ایک ذمہ دار عہدیدار، ادارے کی آفیشل ویب سائٹ اور آزاد ذرائع سے کی گئی پڑتال سے واضح ہو گیا کہ یہ جملہ بدستور موجود ہے اور کسی بھی نوٹ سے حذف نہیں کیا گیا۔
سرکاری عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اسٹیٹ بینک کی ویب سائٹ پر ہر کرنسی نوٹ کے ڈیزائن اور سیکیورٹی فیچرز کی تفصیل درج ہے، اور ان میں ’’حصولِ رزقِ حلال عبادت ہے‘‘ کا جملہ بھی شامل ہے۔ دس روپے سے لے کر پانچ ہزار روپے تک تمام کرنسی نوٹوں کی پشت پر یہ الفاظ واضح طور پر چھپے ہوئے ہیں۔فیکٹ چیک کرنے والی ٹیم نے بھی تازہ جاری کردہ 500 روپے کا نوٹ دیکھ کر اس بات کی تصدیق کی کہ یہ عبارت جوں کی توں موجود ہے۔ اس مشاہدے سے یہ افواہ جھوٹ ثابت ہو گئی کہ عبارت کو ہٹا دیا گیا ہے۔یوں مکمل تحقیق کے بعد یہ بات بالکل واضح ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی خبر حقیقت پر مبنی نہیں۔ حقیقت یہی ہے کہ ’’حصولِ رزقِ حلال عبادت ہے‘‘ بدستور تمام پاکستانی کرنسی نوٹوں کا حصہ ہے اور اس کے خاتمے کی کوئی تجویز یا عملی قدم سامنے نہیں آیا۔
پرانے نوٹوں پر عبارت لکھی ہوتی تھی “حصول رزق حلال عین عبادت ہے”۔نئے نوٹوں سے یہ ہٹا دی گئی، حلال حرام کا فرق ہی ختم کر دیا گیا۔
اور ہمیں پتہ ہی نہیں چلا۔ pic.twitter.com/pjPovkgiFp— Bushra Mughal ik (@bushra_ik) August 17, 2025