اسلام آباد (نیو ز ڈ یسک ) پاکستان میں ٹویوٹا کرولا کراس کے تمام ویریئنٹس پر کمپنی کی جانب سے 6 لاکھ 14 ہزار روپے تک کی خصوصی رعایت متعارف کرائی گئی ہے۔ اس اعلان کا مقصد اس مشہور SUV کی فروخت میں اضافہ کرنا اور صارفین کو بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔
اس سے قبل ٹویوٹا نے خاموشی سے اپنی گاڑیوں کی قیمتوں میں 20 ہزار روپے سے زائد اضافہ کیا تھا، تاہم اب کرولا کراس کے مختلف ماڈلز کی قیمتیں کم کردی گئی ہیں۔
کرولا کراس، جو کہ پاکستان میں ٹویوٹا کی ایک نمایاں ہائبرڈ کمپیکٹ SUV ہے، فیول ایفی شنسی، جدید ٹیکنالوجی اور آرام دہ ڈرائیونگ کے امتزاج کی وجہ سے صارفین میں کافی مقبول ہے۔ یہ گاڑی 1.8 لیٹر ہائبرڈ (HEV) اور 1.8 لیٹر پیٹرول (GAS) انجن کے آپشنز میں دستیاب ہے۔ اس میں ایئر بیگز، اینٹی لاک بریکنگ سسٹم (ABS)، وہیکل اسٹیبلیٹی کنٹرول (VSC) اور ہِل اسٹارٹ اسسٹ جیسے جدید سیفٹی فیچرز بھی شامل ہیں۔
کمپنی کے اعلان کے مطابق:
-
کرولا کراس 1.8L HEVX کی قیمت میں 5 لاکھ 14 ہزار روپے کمی کے بعد نئی قیمت 89 لاکھ 55 ہزار روپے ہوگئی۔
-
کرولا کراس 1.8L HEV کی قیمت 4 لاکھ 64 ہزار روپے کم ہو کر 85 لاکھ 55 ہزار روپے ہوگئی۔
-
کرولا کراس 1.8L GASX پر 5 لاکھ 64 ہزار روپے رعایت کے بعد نئی قیمت 79 لاکھ 55 ہزار روپے مقرر کی گئی۔
-
کرولا کراس 1.8L GAS کی قیمت میں سب سے زیادہ 6 لاکھ 14 ہزار روپے کمی ہوئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 72 لاکھ 55 ہزار روپے تک پہنچ گئی۔