اسلام آباد(نیوزڈیسک)کوریانے پاکستان میں چارٹرڈ یونیورسٹی قائم کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں نصف تعداد پاکستانی اور باقی غیر ملکی طلباءکی ہوگی جبکہ حکومت نے اس مقصد کے لئے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔پاکستان میں کوریا کے سفیر جانگ ہوان وانگ نے وزیر مملکت انجینئر محمد بلیغ الرحمن سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو زیر بحت لایا گیا۔ جانگ وانگ نے کہا کہ بہت سے پاکستانی ملازمت اور کاروباری سرگرمیوں کے لئے ہرسال کوریا آتے ہیں، ہرگزرتے وقت کے ساتھ یہ تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کی حکومت ان دوستانہ تعلقات کو مستقبل میں مزید مضبوط بنانے کے خواہشمند ہیں۔ اس موقع پر وزیر مملکت نے کوریا اور کورین عوام کی مہمان نوازی کی تعریف کی۔ جانگ وانگ نے کہا کہ کوریا کی معروف کمپنی پاکستان میں ایک چارٹرڈ یونیورسٹی کھولنا چاہتی ہے جس میں طلبا کی نصف تعداد غیر ملکی اور نصف تعداد پاکستانی ہو گی۔ وزیر مملکت بلیغ الرحمن نے کورین سفیر کو یقین دلایا کہ وہ یونیورسٹی کے قیام کے لئے ان کی حمایت کرتے ہیں اور اس سلسلہ میں ان کو بھرپور سہولت اور مدد فراہم کی جائے گی۔