لاہور(نیوزڈیسک)ڈسٹرکٹ پرائس اسسمنٹ کمیٹی نے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے لئے زمین ایکوائر کرنے کا تخمینہ طے کرتے ہوئے زمین کے ریٹس فائنل کر لیے ،مجموعی طور پر 13ارب 17کڑوڑ3لاکھ 75ہزار کاتخمینہ لاگت منظور کر لیا گیا ،ایڈیشنل کلیکٹر ریونیو لاہور عرفان نواز میمن نے ڈی پی اے سی پر دستخط کر دیئے ۔تفصیلات کے مطابق لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے لئے طے کیے گئے چاروں پیکجز کے لئے ڈسٹرکٹ پرائس اسسمنٹ کمیٹی نے زمین ایکوائر کرنے کیلئے زمین کے ریٹس فائنل کر لیے ہیں ۔اورنج لائن کے چاروں پیکجز کیلئے ایک ہزار 165کنال 15مرلے اراضی کا تخمینہ طے کیا گیا ہے۔ڈیرہ گجراں کی 5کنال سے زائد اراضی کیلئے 10لاکھ 50ہزار فی مرلہ ریٹ مقرر کیا گیا ہے جبکہ موضع کھاڑک ،ککے زئی اور نیاز بیگ میں 20لاکھ روپے فی مرلہ ریٹ مقرر کیا گیا ہے ۔اسی طرح ٹھوکر نیاز بیگ میں ساڑھے 22لاکھ روپے فی مرلہ جبکہ علی ٹاﺅن میں 15لاکھ روپے فی مرلہ ریٹ مقرر کیا گیا ہے۔اورنج لائن منصوبے کیلئے ڈپو کی تعمیر کیلئے موضع کوٹلی گھاسی ،ہنڈو گجراں میں ڈیڑھ لاکھ جبکہ باگڑیاں میں 50ہزار فی مرلہ مقرر کیا گیا ہے ۔اسی طرح اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کیلئے سٹیبلنگ یارڈ کی تعمیر کیلئے موضع رکھ کھمبا کمرشل 10سے 15لاکھ فی مرلہ مقرر کیا گیا ہے ۔جبکہ موضع کھاڑک نزد گرڈ سٹیشن کا ریٹ 6لاکھ روپے فی مرلہ مقرر کیا گیا ہے۔اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے لئے بنائے گئے چاروں پیکجز کے لئے مرحلہ وار زمین ایکوائر کی جائے گی۔پیکج ون کیلئے 37کنال آٹھ مرلے جبکہ پیکج ٹو کیلئے 118کنال 12مرلے اراضی ایکوائر کی جائے گی۔پیکج 3کیلئے 526کنال 10مرلے جبکہ پیکج 4کیلئے 205کنال اراضی ایکوائر کی جائے گی۔ڈسٹرکٹ پرائس اسسمنٹ کمیٹی کی طرف سے مجموعی طور پر 13ارب 17کڑوڑ3لاکھ 75ہزار کاتخمینہ لاگت منظور کیا گیا ہے۔اسی مد میں ایڈیشنل کلیکٹر ریونیو لاہور عرفان نواز میمن نے ڈی پی اے سی پر دستخط کر دیئے ہیں۔