لاہور(نیوزڈیسک)لاہور کی خصوصی عدالت کے جج خواجہ ظفر اقبال نے کیس کی سماعت کی۔ تفتیشی آفیسر نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے نامزد ملزم اور سابق ایس ایچ او عامر سلیم سمیت پانچ ملزمان کو سخت سکیورٹی میں عدالت کے روبرو پیش کیا۔ عدالت نے ملزمان پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے انہیں حتمی چالان کی مصدقہ نقول فراہم کیں تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔ عدالت نے کیس کی سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر استغاثہ کے گواہوں کو شہادتوں کے لئے طلب کر لیا۔ کیس میں عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری، رحیق عباسی، خرم نواز گنڈا پور، ایس پی سلمان سمیت چالیس ملزمان کو عدالت پہلے ہی اشتہاری قرار دے چکی ہے۔