پشاور(نیوزڈیسک) قومی وطن پارٹی دو سال بعد ایک بار پھر خیبر پختونخوا حکومت میں شراکت دار بن گئی ہے جس کے دو وزراء کو صوبائی کابینہ میں شامل کر لیا گیا ہے جبکہ دو ایم پی ایز کو وزیر اعلیٰ کا معاونین خصوصی بنا دیا گیا۔ کابینہ میں شامل کئے جانے والے نئے وزراء میں سکندر شیر پاؤ اور انیسہ زیب طاہر خیلی شامل ہیں۔ وزراء نے گورنر ہاؤس میں اپنی وزارتوں کا حلف اٹھایا۔ گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب عباسی نے حلف لیا۔ حلف برداری تقریب میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک، صوبائی وزراء، پی ٹی آئی اور قومی وطن پارٹی کے رہنماوں نے بھی شرکت کی۔ نئے وزراء کو کابینہ میں شامل کرنے کیلئے خیبرپختونخوا حکومت نے وزیر اطلاعات مشتاق غنی کی قربانی دی جنہیں ان کی وزارت سے فارغ کر دیا گیا۔ وزیر اطلاعات مشتاق غنی کو اٹھارھویں ترمیم کے تحت فارغ کیا گیا جس کے تحت کابینہ میں وزراء کی تعداد چودہ سے زیادہ نہیں ہو سکتی۔ قومی وطن پارٹی کے ایم پی اے کریم خان اور ارشد عمر زئی کو بھی وزیر اعلیٰ کا معاون خصوصی مقرر کر دیا گیا ہے۔ کریم خان کو انڈسٹری جبکہ ارشد عمر زئی کو فنی تعلیم کے محکمے سونپے گئے ہیں۔