اسلام آباد (آن لائن) تحریک انصاف نے ایم کیو ایم شکایت ازالہ کمیٹی کے قیام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شکایات ازالہ کمیٹی کے قیام سے کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن متاثر ہو گا‘ کمیٹی کا قیام ملکی عدالتی نظام پر عدم اعتماد کا اظہار ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ترجمان تحریک انصاف نعیم الہق نے اتوار کے روز اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ کمیٹی میں ایم کیو ایم کے سرگرم رکن کی موجودگی سے بلیک میلنگ کا موقع ملے گا۔ کمیٹی کی تشکیل کے بعد کراچی میں جاری دہشتگردوں کے خلاف آپریشن متاثر ہو گا۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ کمیٹی کے قیام سے عدالتی نظام متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ متحدہ کے کئی لوگ دہشتگردی میں ملوث رہے ہیں اور ان کے کیسز عدالت میں ہیں جبکہ اس حوالے سے کمیٹی کے قیام کا مقصد سمجھ سے بالا تر ہے۔