اسلام آباد(آن لائن) اب صرف زندہ ہی نہیں مردہ افراد پر بھی قانون کا شکنجہ تنگ ہونے لگا۔ اسلام آباد پو لیس نے 6 سال پہلے وفات پانے والے شخص مکھن خان کے خلاف ایف آئی آر کاٹ دی اور وہ بھی مبینہ قبضہ گروپ کی درخواست پر۔7 کنال زمین کاتنازع ہے ،اور یہ اراضی اسلام آباد کی ایک بڑی رہائشی اسکیم کے ساتھہے۔زمین کی مالکہ امتیاز بی بی کہتی ہیں کہ قبضہ گروپ نے ان کی زمین ہتھیانے کے لیے 2 بیٹوں کو اغوا کر لیا ہے اور ان پر جھوٹا مقدمہ بھی درج کرا دیا ہے۔پولیس نے مبینہ قبضہ گروپ کی درخواست پر جو ایف آئی آر درج کی ، اس میں 6 سال پہلے فوت ہونے والے مکھن خان پر بھی مسلح ہو کر حملہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ایس ایچ او تھانہ سہالہ منیر احمد کا کہنا ہے کہ امتیاز بی بی کے خلاف درج کرائی گئی ایف آئی آر پر تفتیش کریں گے ، اگر مکھن خان زندہ نہ ہوا تو ایف آئی آر خارج کر دیں گے۔ مبینہ قبضہ گروپ کے خلاف بھی رپورٹ درج کی گئی ہے ، تفتیش میں الزام ثابت ہو گیا تو مقدمہ درج کر لیا جائے۔