اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پی ایس ایل 10: اسٹیڈیم میں شائقین کی شرکت بڑھانے کے لیے قیمتی انعامات کا اعلا ن ،پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے دوران تماشائیوں کی دلچسپی بڑھانے کے لیے شاندار انعامی اسکیم متعارف کرا دی ہے۔ اب ہر میچ میں شرکت کرنے والے ایک خوش نصیب شائق کو موٹرسائیکل اور دیگر تحائف جیتنے کا موقع ملے گا۔پی سی بی کے مطابق، ہر میچ میں ایک ٹکٹ ہولڈر کو قرعہ اندازی کے ذریعے موٹرسائیکل انعام میں دی جائے گی۔
اس کے علاوہ کئی اور قیمتی انعامات بھی شائقین کا انتظار کر رہے ہیں۔ یہ قرعہ اندازی گولوٹ لو نامی موبائل ایپ کے ذریعے منعقد کی جائے گی، جسے گوگل پلے اسٹور اور ایپل اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔شرکت کے خواہش مند افراد کو اپنی میچ کی ٹکٹ پر موجود کیو آر کوڈ کو گولوٹ لو ایپ پر اسکین کرنا ہوگا، جس کے بعد وہ خودبخود قرعہ اندازی میں شامل ہو جائیں گے۔ جیتنے والے فرد کا اعلان میچ کے دوران اننگز بریک میں کیا جائے گا۔یاد رہے کہ پی ایس ایل کے ٹکٹ نہ صرف آن لائن دستیاب ہیں بلکہ ملک بھر کے ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز سے بھی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد اسٹیڈیمز میں شائقین کی تعداد میں اضافہ کرنا اور ایونٹ کو مزید پرکشش بنانا ہے۔