اسلام آباد (این این آئی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان اوپنر حسن نواز نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ حسن نواز نے گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے خلاف 5 میچز کی سیریز کے آخری میچ میں صفر پر آؤٹ ہو کر ناپسندیدہ ریکارڈ بنایا۔حسن نواز نے 16 مارچ کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان کے لیے اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا۔دائیں ہاتھ کے بیٹر نے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز مایوس کن انداز میں کیاکیونکہ وہ اپنے ابتدائی 2 میچز میں صفر پر آؤٹ ہوئے۔
البتہ حسن نواز نے نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شاندار واپسی کی اور 44 گیندوں پر سنچری اسکور کرکے پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں تیز ترین سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا تاہم 22 سالہ حسن نواز اپنی شاندار کارکردگی کو برقرار رکھنے میں ناکام رہے اور اتوار کو چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔جس کے بعد گزشتہ روز سیریز کے آخری میچ میں حسن نواز دوسرے اوور میں جیکب ڈفی کی گیند پر صفر پر آؤٹ ہوگئے۔حسن نیوزی لینڈکے خلاف 5 میچز کی سیریز میں 3 بار صفر پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد وہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے والے پاکستانی اوپنر بن گئے۔