اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارت کے معروف اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گپتا نے اپنے حالیہ دورۂ پاکستان کے حوالے سے کہا ہے کہ یہاں کے عوام نے ان پر بے پناہ محبت نچھاور کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کی مہمان نوازی بے مثال ہے، یہاں ملنے والی پذیرائی کی وجہ سے وہ خود کو بالی وڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان محسوس کرنے لگے۔
وکرانت گپتا، جو چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے میں پاکستان آئے تھے، نے پاکستانی عوام کے جوش و خروش کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں انہیں غیرمعمولی عزت اور محبت ملی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں مختلف ٹی وی چینلز نے انہیں مدعو کیا، جہاں ان کے انٹرویوز نشر کیے گئے۔ خاص طور پر جیو نیوز کے مقبول پروگرام میں شرکت کو انہوں نے ایک یادگار تجربہ قرار دیا اور اس کے میزبان تابش ہاشمی کی میزبانی کو بھی سراہا۔
بھارتی صحافی نے کہا کہ وہ اپنے چینل کے لیے رپورٹنگ کی غرض سے پاکستان آئے تھے، مگر یہاں لوگوں کی محبت اور مہمان نوازی نے انہیں اتنا متاثر کیا کہ وہ اپنے کام کا صرف 20 فیصد ہی مکمل کر سکے۔
وکرانت گپتا نے مزید کہا کہ پاکستان میں بھارتی کرکٹرز کے بے شمار مداح موجود ہیں۔ ویرات کوہلی، روہت شرما اور جسپریت بھمرا کے چاہنے والے یہاں بڑی تعداد میں پائے جاتے ہیں، اور ان کھلاڑیوں کے حق میں نعرے بھی بلند کیے گئے۔