اسلام آباد (نیوز ڈیسک) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں بہتری کے لیے ایک سال تک پوری ٹیم کو معطل کرنے کی تجویز دے دی۔ لندن میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ اگر ٹیم کو واقعی بہتر بنانا ہے تو ایک سال تک اسے معطل کر دینا چاہیے، کیونکہ اچھی کرکٹ ٹیم محض تنقید سے نہیں بنتی بلکہ بہترین فیصلوں کی بدولت تیار ہوتی ہے۔
اس موقع پر انہوں نے پاک افواج کے ناقدین پر بھی کڑی تنقید کی اور کہا کہ جو لوگ فوج کے خلاف بولتے ہیں، وہ ملک کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ وہ برطانیہ کا دورہ اپنی مرضی سے کر رہے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ اوورسیز پاکستانی اپنے ملک میں سرمایہ کاری کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آج تک ان پر کرپشن کا کوئی الزام ثابت نہیں ہوا۔