دبئی (این این آئی)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے ہائی وولٹیج میچ میں ویرات کوہلی کی شاندار سنچری کی بدولت بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔سوشل میڈیا پر ویرات کوہلی کی شاندار بیٹنگ کی تعریفوں کے ساتھ ان کے بہترین رویے اور اسپورٹس مین اسپرٹ کی بھی تعریف ہورہی ہے۔میچ میں پاکستان کے بیٹرز اور بولرز خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے جس پر انہیں تنقید کا سامنا ہے تاہم مسٹری اسپنر ابرار احمد جنہوں نے 10 اوورز میں 28 رنز دیکر ایک وکٹ لی ان کی تعریفیں بھی کی جارہی ہیں۔
ابرار احمد نے اِن فارم بیٹر شبمن گل کو بولڈ کرکے سب کی تعریفیں سمیٹیں اور کمنٹیٹرز نے اُن کی اُس گیند کو بہترین گیند قرار دیا جب کہ آئی سی سی کے آفیشل فیس بک پیج نے فالوورز سے سوال کیا کہ کیا یہ ٹورنامنٹ کی بہترین گیند تھی؟بہترین گیند بازی پر ویرات کوہلی بھی ابرار کو شاباشی دیے بغیر نہ رہ سکے۔ بھارت کی اننگز کے 37 ویں اوور میں ابرار نے ایک رنز دیا، اوور کے اختتام پر کوہلی نے ابرار کو روکا اور ان کی بولنگ کی تعریف کی اور پیٹھ تھپتھپائی۔ آئی سی سی کی جانب سے فیس بک پر اس کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ میچ ختم ہونے کے بعد بھی کوہلی نے ابرار کو شاباش دی۔