لاہور ( این این آئی) قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے موجودہ پیس اٹیک کے لیڈر شاہین شاہ آفریدی کے ایکشن میں غلطی کا انکشاف کردیا۔نجی ٹی وی چینل کے لائیو پروگرام میں سابق کرکٹر نے شاہین آفریدی کے ایکشن میں غلطی کا انکشاف کرتے ہوئے انہیں اسٹیج پر ایکشن ٹھیک کرنے کی ٹپس دیں۔انہوں نے کہا کہ اسٹیج پر کھڑے ہوکر شاہین کے بولنگ ایکشن میں غلطی کی نشاندہی کی اور بتایا کہ وہ کہاں غلطی کررہے ہیں، جسے تبدیل کرکے وہ خطرناک بالر بن سکتے ہیں۔
سال 2022ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں انجری کے بعد سے شاہین شاہ آفریدی کی بولنگ میں کاٹ نظر نہیں آرہی، جس کے باعث پاکستانی پیس اٹیک میں شدید مشکلات کا سامنا کررہا ہے۔قبل ازیں پاکستان بالرز نے چیمپئینز ٹرافی کے افتتاحی میں نیوزی لینڈ کیخلاف آخری 10اوورز میں محض ایک وکٹ پر 113رنز لٹائے تھے۔اسی پروگرام میں سابق کپتان راشد لطیف نے کہا تھا کہ شاہین آفریدی بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے بیٹر کے خلاف بہتر گیند کرتے ہیں اس لیے انہیں کامیابی ملتی ہے لیکن دائیں ہاتھ کے بیٹر کے خلاف انہیں وہ سوئنگ نہیں مل رہا جو پہلے ملا کرتا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ بولنگ ایکشن میں تھوڑے ردوبدل کی ضرورت ہے جس پر کوچز کو توجہ دینی چاہیے تھی۔