لاہور ( این این آئی) چیمپیئنز ٹرافی کے تحت دبئی میں کھیلے گئے بھارت اور بنگلا دیش میچ کے دوران خالی اسٹیڈیم پر بھارتی شائقین نے آئی سی سی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ایونٹ مکمل طور پر پاکستان منتقل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔جمعرات کے روز بنگلا دیش اور بھارت کے درمیان دبئی اسٹیڈیم میں میچ کھیلا گیا لیکن کھیل کے آخر تک 25ہزار کی گنجائش رکھنے والا اسٹیڈیم بھر نہ سکا جس پر سوشل میڈیا صارفین ون ڈے فارمیٹ سے متعلق طرح طرح کی باتیں کرنے لگے۔
صارفین نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خالی اسٹیڈیم سے معلوم ہوتا ہے کہ لوگ چیمپیئنز ٹرافی کو سنجیدہ نہیں لے رہے ہیں۔ایک صارف نے کہا کہ خالی اسٹیڈیم کی وجہ سے دبئی اور ویسٹ انڈیز میں آئی سی سی ایونٹس منعقد نہیں ہونے چاہیے۔ایکس پر ایک صارف نے کہا کہ دبئی کا خالی اسٹیڈیم دیکھ کر افسوس ہو رہا ہے، اب بھی وقت ہے کہ ٹورنامنٹ کو مکمل طور پر پاکستان منتقل کر دیا جائے۔بعض صارفین نے تو ون ڈے فارمیٹ کو بے کار قرار بھی دیا اور کہا کہ رواں ایڈیشن کے بعد اس ٹورنامنٹ کو ختم کر دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ون ڈے کی جگہ ٹی ٹونٹی فارمیٹ اختیار کرنا چاہیے اور اگر ون ڈے کھیلنا ہی ہے تو 40اوورز کا کھیلا جائے۔واضح رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی 2025کی میزبانی پاکستان کر رہا ہے جبکہ بھارت اپنے تمام میچز دبئی میں کھیل رہا ہے۔ گروپ اے کے دوسرے میچ میں بھارت نے بنگلا دیش کو شکست دی تھی۔