اسلام آباد.. تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان مذاکرات ایک بار پھر تعطل کا شکار ہوگئے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان مذاکرات چند دور ہونے کے بعد ایک بار پھر تعطل کا شکار ہوگئے ہیں جس میں دونوں فریقین دھاندلی سے متعلق ایک نکتے پر متفق نہیں ہو پارہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق فریقین کے درمیان دھاندلی کی تعریف پر مذاکرات آگے نہیں بڑھ رہے جس میں حکومت کی جانب سے دھاندلی کو (ن) لیگ کے خلاف ’’سازش‘‘ سے تعبیر کیا گیا جب کہ تحریک انصاف کا موقف ہے کہ دھاندلی کی تعریف سے سازش کا لفظ نکال دیا جائے کیونکہ غیر تصدیق شدہ ووٹوں کا مطلب ہی دھاندلی ہے تاہم اب فریقین کے درمیان دھاندلی کی تعریف کے نکتے پر اتفاق ہونے کے بعد ہی مذاکرات کا عمل آگے بڑھ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے جس میں حکومت نے جوڈیشل کمیشن بنانے پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔