اسلام آباد(نیوز ڈیسک) بےنظیر بھٹو کی زندگی تک ان کے خصوصی معاون اور بیرون ملک ترجمان بشیر ریاض نے کہا ہے کہ امریکہ اور بعض غیر ملکی قوتیں جنرل مشرف کو مزید دس سال تک برسراقتدار رکھنا چاہتی تھیں جس میں بے نظیر بھٹو رکاوٹ تھیں جس کیلئے انہیں راستے سے ہٹادیا گیا، اسی بنیاد پر اس دور میں پاکستان میں امریکی سفیر نے دبئی میں بے نظیر بھٹو سے مل کر انہیں نہ آنے کی صورت میں اقوام متحدہ کیلئے انسانی حقوق کا سفیر بنانے کی پیشکش کی تھی۔ جنرل مشرف کا یہ دعویٰ بے بنیاد ہے کہ بے نظیر بھٹو کی وطن واپسی سے پہلے انہوں نے انہیں کبھی فون نہیں کیا تھا، اس کے گواہ مخدوم امین فہیم، دیگر اور خود وہ ہیں کہ جنرل مشرف نے انہیں فون کرکے روکنے کی کوشش کی تھی اور بے نظیر بھٹو نے متعدد بار جنرل مشرف کی فون کالز کا ذکر کیا تھا۔