اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سعودی مفتی اعظم کا کہنا ہے کہ منی جیسے حادثات کو روکنا انسانی اختیار میں نہیں ہے۔ اس لئے وزیرِ داخلہ شہزادہ محمد بن نائف کو اس کا ذمہ دار قرار دینا غلط ہے۔تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے مفتی اعظم کا کہنا ہے کہ حج کے دوران حادثات کو روکنا انسانی اختیار سے باہر ہے۔ اس لئے وزیرِ داخلہ شہزادہ محمد بن نائف کو اس واقعے کا ذمہ دار قرار نہیں دیا جا سکتا۔ سعودی نائب وزیر اعظم، وزیرِ داخلہ اور حج کمیٹی کے سربراہ شہزادہ محمد بن نائف نے مفتی اعظم شیخ عبد العزیز بن عبداللہ سے ملاقات کی۔ملاقات میں مفتی اعظم نے کہا کہ جو چیزیں انسانی کنٹرول میں نہیں ہیں ان کے لئے کسی کو مورد الزام نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔ دوسری جانب ایرانی حکام سعودی انتظامیہ پر نااہلی کا الزام لگا رہے ہیں اور سعودی حکومت پر زور دے رہے ہیں کہ وہ ہلاکتوں کی ذمہ داری قبول کرے۔اب تک سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق بھگدڑ کے باعث مرنے والوں میں سب سے زیادہ تعداد ایرانی شہریوں کی ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق ان کے 131 شہری اس واقعے میں ہلاک ہوئے ہیں۔