اسلام آباد(نیوزڈیسک)بٹگرام چئیر لفٹ حادثے کے بعد خیبر پختونخوا کے متعدد اضلاع میں درجنوں مقامی چیئر لفٹس بند کردی گئی ہیں جس سے مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔تفصیلات کے مطابق سوات، شانگلہ، بونیر، دیر لوئر،دیر اپر، چترال، ہری پور، ایبٹ آباد مانسہرہ میں مقامی چئیر لفٹس چلائی جارہی تھیں ۔ بٹگرام ، کوہستان اپر، لوئر ، کولائی پالس میں دیگر علاقوں تک رسائی کے لئے سینکڑوں ڈولیاں کیبل تار یا رسیوں سے آپریٹ ہوتی ہیں۔گذشتہ روز صوبائی حکومت نے خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کو مقامی چئیر لفٹس اور ڈولیوں کے معائنے کی ہدایت کی تھی۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ چئیر لفٹس بندش سے مقامی افراد کو خوراک کی کمی سمیت دیگر مسائل کا سامنا ہوگا، پہاڑی علاقوں میں دیہات، سکولوں،بازاروں تک رسائی کےلئے مقامی ڈولیاں استعمال ہوتی ہیں۔لفٹس بندش سے بیشتر بچے سکول جانے سے بھی قاصر ہیں۔