اسلام آباد( نیوزڈیسک )پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو ایک مرتبہ پھر بیرون ملک بھیجنے کی پیشکش کی گئی ہے۔جنگ اخبار کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس حکمت عملی پر عملدرآمد کے لیے فضا بنائی جا رہی ہے جس کے تحت آنے والے قومی انتخابات میں ملک کی بڑی جماعتوں ن لیگ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کو بھی دوسری جماعتوں کی طرح انتخابات میں حصہ لینے کا یکساں موقع فراہم کیا جائے گا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ تیںوں جماعتوں کے قائدین کو یہ اجازت نہیں ہو گی کہ وہ انتخابات میں حصہ لے سکیں۔
ن لیگ کے رہنماؤں کی جانب سے مسلسل یہ دعویٰ کیا جا رہا کہ نوازشریف پاکستان آکر ملک میں انتخابی مہم کی قیادت کریں گے تاہم ان کی راہ میں قانونی اور آئینی پیچیدگیاں موجود ہیں۔کہا جا رہا ہے کہ اگر نوازشریف وطن واپس آتے ہیں تو انہیں واپسی پر جیل جانا پڑے گا۔ ن لیگ کے کئی سینئر رہنما یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ نوازشریف کی وطن واپسی کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، ممکنہ طور پر وہ ستمبر کے آخر پر پاکستان آئیں گے۔