اسلام آباد( نیوزڈیسک)وزیر داخلہ چودھری نثار کا کہنا ہے کہ پاکستان دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور خطے کے امن کیلئے مخلصانہ کوششیں کر رہا ہے، آپریشن ضربِ عضب کی کامیابی پاکستان کی عملی کوششوں اور عزم کا ثبوت ہیں۔وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان سے برطانوی وزیر ٹوبیاس مارٹن ایلوڈ اور برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبوں میں تعاون، دہشتگردی کیخلاف عالمی جنگ اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ، مشترکہ مفادات کے حصول کیلئے دونوں ملکوں کے درمیان ہمہ جہتی تعاون کو فروغ دینے کا جذبہ قابلِ اطمینان ہے۔پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور خطے کے امن و ترقی کیلئے مخلصانہ کوششیں کر رہا ہے ، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اس کے اسباب اور وجوہات کا ادراک بھی ضروری ہے۔چودھری نثار نے کہا کہ عالمی برادری اسلام اور مسلمانوں کو مسئلے کی وجہ سمجھنے کی بجائے مسئلے کے حل کا حصہ سمجھے ، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قربانیوں کے باوجود عوام اور حکومت کے حوصلے بلند ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپریشن ضربِ عضب اپنے اہداف حاصل کرتے ہوئے کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے ، پاکستان کی عملی کوششیں مخلصانہ جذبے اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔دہشتگردوں کا قلع قمع کرنے کیلئے مالی وسائل اور مالی اعانت کرنیوالے عناصر کا سدباب کیا جائے ، پاکستان خطے کے امن کیلئے کی گئی کاوشوں میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔برطانوی وزیر ٹوبیاس مارٹن ایلوڈ نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کردار پر پاکستانی عوام، حکومت اور اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ امن و ترقی اور اداروں کی مضبوطی کیلئے برطانیہ پاکستان سے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔
مزید پڑھئے:اہم سیب کا چھلکااورسبز ٹماٹر کی جادوئی طاقت بڑھاپے دور بھگائے