لاہور ( این این آئی)لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے بیٹوں اور بہوئوں کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزام میں درج مقدمہ کے اخراج کی درخواست پر ایف آئی اے سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت کل (جمعرات ) تک ملتوی کر دی ۔ ہائیکورٹ کے جسٹس انوار الحق پنوں نے تحریم الٰہی ،بھائی راسخ الٰہی اور انکی اہلیہ زہرا الٰہی کی درخواست پر سماعت کی۔ ایف آئی اے کے وکیل نے جواب جمع کرانے کی مہلت مانگی ۔جس پر عدالت نے سماعت 25مئی تک ملتوی کر دی ۔درخواست میں منی لانڈرنگ کے مقدمے کو چیلنج کیا گیا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ یہ مقدمہ سیاسی بنیادوں پر بلیک میل کرنے کے لئے درج کیا گیا، ایسے مقدمے پہلے بھی درج ہوئے جو خارج ہو چکے ہیں۔استدعا ہے کہ عدالت ایف آئی اے کا مقدمہ خارج کرنے کا حکم دے۔