لاہور ( این این آئی) لاہور میں جناح ہائوس پر حملے میں ملوث تحریک انصاف کی سپورٹر خدیجہ شاہ تاحال لاپتہ ہیں۔ذرائع کے مطابق پولیس نے جناح ہائوس حملے میں مطلوب سابق وزیر خزانہ سلمان شاہ کی صاحبزادی خدیجہ شاہ کی گرفتاری کے لیے گلبرگ کے 2اور بحریہ ٹائون کے ایک گھر میں چھاپہ مارا تاہم وہ ٹیم کے پہنچنے سے پہلے فرار ہوگئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خدیجہ شاہ نے مہرترین کے گھر پناہ لی تاہم چھاپے سے قبل فرار ہو گئی، خدیجہ شاہ ٹیم کے پہنچنے سے ایک گھنٹہ قبل برقع پہن کر نکلیں اور وہ رابطے کے لیے کسی دوست کی موبائل سم استعمال کررہی ہیں۔خدیجہ شاہ سے متعلق مہر ترین کا کہنا ہے کہ ان کے فلیٹ سے جانے کے بعد خدیجہ سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ ڈی آئی جی انوسٹی گیشن لاہور کامران عادل کا کہنا ہے کہ خدیجہ شاہ کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔سابق وزیر خزانہ سلمان شاہ کی صاحبزادی خدیجہ شاہ پر 9مئی کو پیش آنے والے جلائو گھیرائو اور ہنگامہ آرائی کے واقعات کے دوران لاہور کور کمانڈر ہائوس جسے جناح ہاس بھی کہا جاتا ہے پر حملے کی قیادت کرنے کا الزام ہے۔