لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود عمران خان کی تقاریر پر پابندی کے خلاف درخواست پر چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل کو پیمرا کے جواب کا جواب داخل کرانے کی ہدایت کر دی۔ ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے عمران خان کی درخواست پر سماعت کی ۔
پیمرا کی جانب سے عمران خان کی درخواست میں جواب داخل کرادیا گیاجس میں بتایا گیا کہ پیمرا نے عمران خان کی تقاریر نشر کرنے سے کسی کو نہیں روکا، ٹی وی چینلز اپنے طور پر خود ہی عمران خان کی تقاریر نشر نہیں کررہے۔ جس پر عدالت نے عمران خان کے وکیل کو اپنا جواب جمع کروانے کی ہدایت کر دی ۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا تھا،عدالت نے پیمرا کو ہدایت کی کہ عمران خان کی تقارریر نشر کرنے پر کوی پابندی نہ لگائی جائے مگر عدالتی احکامات کے باوجود عمران خان کی تقاریر نشر کیے جانے سے روکا جا رہا ہے۔استدعا ہے کہ عمران خان کی تقاریر کی نشریات پرعائد پابندی ختم کرنے کے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کرایا جائے۔