پشاور (این این آئی)پشاور میں تھانہ گلبرگ کے ایس ایچ او فواد علی کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رکن صوبائی اسمبلی ملک واجد کو کو گرفتاری سے بچانے کے الزام میں گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
مقدمے میں بتایا گیا کہ ایس ایچ او گلبرگ پی ٹی آئی کے سابق رکن صوبائی اسمبلی ملک واجد کے ساتھ رابطے میں ملوث پائیگئے، ملک واجد کا کارکنوں کو لوٹ مار اور جلاؤ گھیراو کے لیے اکسانے میں اہم کردار تھا۔ بتایا گیا ہے کہ ایس ایچ او ورکرز کو اکسانے والے سابق رکن صوبائی اسمبلی کو گرفتاری سے بچانیکے لیے فونز بند کرنے کا کہتے رہے۔
مقدمے میں کہا گیا کہ ایس ایچ او فوادعلی پی ٹی آئی رہنما ملک واجد کو دیگر معلومات فراہم کرنے میں بھی ملوث پائے گئے۔ایس ایچ او گلبرگ پشاور کے خلاف مقدمہ سب انسپکٹر حسن علی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔