اسلام آباد (این این آئی)علماء و مشائخ نے جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) پر حملہ کرنے والوں کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کردیا۔مولانا فضل الرحمان خلیل، قاضی عبدالرشید نے پریس کانفرنس نے میڈیا سے گفتگو میں جی ایچ کیو پر حملہ کرنے والوں کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔
مولانا فضل الرحمان خلیل نے کہا کہ ملک دشمن تحریک نے جی ایچ کیو پر حملہ کیا، آج ان مجرموں کو سزا نہ دی گئی تو کل کوئی نہیں بچے گا۔انہوں نے کہاکہ جن اہداف کو بھارت نشانہ بنانا چاہتا تھا اسے سیاسی جماعت نے نشانہ بنایا، ہمیں سیاسی لیڈر سے اختلاف ہوسکتا ہے جی ایچ کیو اور کور کمانڈر ہاؤس سے اختلاف نہیں ہوسکتا۔فضل الرحمان خلیل نے کہا کہ شہدا کی تصاویر کو پتھروں سے نشانہ بنایا گیا، پوری قوم کو کھڑے ہوجانا چاہیے تاکہ دشمن کو اتحاد کا بتایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب کو فوج اور ملک کا دفاع کرنا ہوگا، اگر وزیرستان میں آپریشن ہوسکتا ہے تو جی ایچ کیو کے حملہ ا?وروں کو معاف نہیں کرنا چاہیے۔قاضی عبدالرشید نے کہا کہ گزشتہ دنوں سیاسی لیبل لگائے بلوائیوں نے پاکستان پر حملہ کیا، ہر پاکستانی اس دہشت گردی پر دکھی اور دشمن جشن منا رہا ہے، پاکستان کی 75 سالہ تاریخ میں ایسا موڑ نہیں آیا۔