اسلام آباد (نیوزڈ یسک) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل کا عہدہ تاحیات رکھنے کی تجویز زیر غور ہے اور اس حوالے سے تمام سفارشات پارلیمان کے سامنے پیش کی جائیں گی۔تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ حالیہ پاک بھارت جنگ نے ملک کو کئی اہم سبق سکھائے ہیں، جس کے بعد جدید دور میں جنگی حکمتِ عملی کا انداز بدل چکا ہے۔انہوں نے وضاحت کی کہ آرمی ایکٹ اور تعیناتیوں کے طریقہ کار سے متعلق کچھ اہم عہدوں پر آئینی ترامیم تجویز کی گئی ہیں۔
ان کے مطابق فیلڈ مارشل، ایئر چیف اور نیول چیف کے متوازی عہدے (Parallel Posts) پہلے سے موجود ہیں، تاہم تجویز دی گئی ہے کہ فیلڈ مارشل کا عہدہ تاحیات برقرار رہنا چاہیے۔وفاقی وزیر قانون نے مزید بتایا کہ آرٹیکل 243 میں دفاعی امور سے متعلق ترامیم شامل کرنے کی سفارش کی گئی ہے، جن میں فیلڈ مارشل، نیول اور ایئر چیف جیسے اعزازی عہدوں کو آئین کا حصہ بنانے کا بھی عندیہ دیا گیا ہے۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ قومی ہیروز کو دیے گئے اعزازی اور رسمی عہدے (Ceremonial Titles) تاحیات رکھنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ ان کے مطابق اس حوالے سے آئینی ترمیمی مسودہ جلد پارلیمان میں پیش کیا جائے گا۔انہوں نے زور دیا کہ عسکری کمانڈ سے متعلق تمام امور قانون کے مطابق ریگولیٹ کیے جائیں گے تاکہ نظام میں شفافیت، تسلسل اور واضح طریقہ کار برقرار رکھا جا سکے۔















































