اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ایک ہزار مربع گز سے زائد کی جائیدادیں،24 وزارتوں نے ڈیٹا جمع کرادیا، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ دیگروزارتیں جلد ڈیٹاجمع کرائیں تاکہ قابل عمل تجاویز کابینہ کو پیش کی جاسکیں،
جنگ اخبار کے مطابق وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت ہزار مربع گز سے زائد کی سرکاری جائیدادوں کو پی پی پی موڈ میں استعمال کرنے کی نشاندہی کرنے والی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ وزارت قانون و انصاف سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ اجلاس میں وزارتوں سے کہا گیا تھا کہ وہ 1000 مربع سے زائد سرکاری جائیدادوں کی نشاندہی کے حوالے سے تفصیلات جمع کرائیں، اب تک 24 وزارتوں نے ڈیٹا جمع کرایا ہے جبکہ 9وزارتوں نے ابھی تک اپنی رپورٹیں جمع نہیں کرائی ہیں۔ وزیر قانون نے وزارت ہوا بازی اور ریلوے کو ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں جائیدادوں کے ڈیٹا کے حوالے سے بریفنگ دی جائے۔