گوجرانوالہ (این این آئی)گوجرانوالہ کے پی ٹی آئی کارکن اشرف بٹ نے ہنگامہ آرائی میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیادت ورکرز کو ورغلا کر لے جاتی ہے ، پھر استعمال کرتی ہے، ویڈیو بیان جاری کردیا۔
راہوالی کینٹ کے رہائشی اشرف بٹ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ وہ 9 مئی کو پی ٹی آئی رہنما محی الدین وڑائچ کے ڈیرے پر گیا تھا،وہاں سے پی ٹی آئی کارکنان ریلی کی شکل میں کینٹ کی چیک پوسٹ پر پہنچے۔اپنے ویڈیو بیان میں اشرف بٹ نے اعتراف کیا کہ کینٹ چیک پوسٹ پر پہنچنے کے بعد انہوں نے پاک فوج اور پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا، چند ورکرز نے فوجیوں پر پیٹرول بم بھی پھینکے جس کے بعد وہ وہاں سے بھاگ نکلا اور پی ٹی آئی قیادت کو بھی بھاگتے ہوئے دیکھا۔اپنے اعترافی بیان میں اشرف بٹ نے کہاکہ قیادت ورکرز کو ورغلا کر لے جاتی ہے اور پھر استعمال کرتی ہے۔اعترافی بیان رکارڈ کرنے والے پی ٹی آئی کے کارکن اشرف بٹ نے قسم کھا کر یقین دہانی کرائی کہ آئندہ ایسی کارروائیوں میں شامل نہیں ہوگا، اس نے پی ٹی آئی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ بھی ایسی کارروائیوں میں شامل نہ ہوں۔