لاہور( این این آئی)اینٹی کرپشن پنجاب نے سابق صوبائی وزرا ء اور پی ٹی آئی رہنمائوں کے خلاف گھیرا تنگ کردیا ،4 سابق صوبائی وزرا ء کو 11 مئی کو طلب کر لیا گیا۔اینٹی کرپشن پنجاب نے احمد شاہ کھگہ، نعیم ابراہیم، یاور عباس بخاری اور وقاص قیوم کو 11 مئی کو طلب کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق احمد شاہ کھگہ اور نعیم ابراہیم پرالزام ہے کہ انہوں نے محکمہ ایجوکیشن پنجاب میں کلاس فور کی 190 آسامیوں پر بھرتی کے عوض 10 لاکھ رشوت وصول کی۔یاور عباس بخاری پر اٹک میں 50 کروڑ کی ہائی وے کی سکیم کا ٹھیکہ اپنے فرنٹ مین امجد کو دینے کا الزام ہے۔وقاص قیوم پر الزام ہے کہ انہوں نے ٹورازم کے منصوبے کا نقشہ تبدیل کروایا۔وقاص قیوم اورمیجرلطاثب ستی نے اس منصوبے کا نقشہ تبدیل کروا کر اپنے گھروں کو پختہ سڑک سے منسلک کروایا ہے، نقشہ تبدیل ہونے سے منصوبے کی لاگت میں 200 ملین کا اضافہ ہوا۔