لاہور ( این این آئی) پی ٹی آئی کارکنوں کے احتجاج کے دوران ڈی آئی جی آپریشنز لاہور علی ناصر رضوی کی آنکھ بری طرح متاثر ہوئی ان کی آنکھ میں گہرا اندرونی زخم آیا ہے۔علی ناصر رضوی اور دیگر زخمی پولیس اہلکاروں کا سروسز ہسپتال میں علاج جاری ہے۔
علی ناصررضوی منگل کی رات پتھرائو کے دوران زخمی ہوئے،ان کے چہرے اورناک کی ہڈی فریکچر ہوئی۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کی آنکھ پر بھی چوٹ آئی جس سے ان کی بینائی ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔واضح رہے کہ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور علی ناصر رضوی کور کمانڈر ہائوس کو کلیئر کرانے کی کوشش کے دوران پتھرائو کی زد میں آئے تھے۔یاد رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں پرتشدد مظاہرے شروع ہوگئے تھے،اس دوران جلائو گھیرائو اور نجی و سرکاری املاک کو نقصان بھی پہنچایا گیا تھا۔