واشنگٹن(این این آئی)سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد امریکااور برطانیہ کے اعلی سفارت کاروں نے پاکستان میں قانون کی حکمرانی کی پاسداری پرزوردیا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلینکن نے واشنگٹن میں اپنے برطانوی ہم منصب کے ساتھ ایک مشترکہ نیوزکانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ہم صرف اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں جو کچھ بھی ہو،وہ قانون کی حکمرانی اور آئین کے مطابق ہو۔وزیرخارجہ جیمزکلیورلی نے بلینکن کے ساتھ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کے دولت مشترکہ کے رکن پاکستان کے ساتھ دیرینہ اور قریبی تعلقات استوار ہیں۔ہم اس ملک میں پرامن جمہوریت دیکھنا چاہتے ہیں۔ ہم قانون کی حکمرانی کی پاسداری دیکھناچاہتے ہیں۔دونوں وزرا نے عمران خان کی گرفتاری پرمزید تبصرہ کرنے سے انکارکردیا اورجیمزکلیورلی نے کہا کہ انھیں صورت حال کے بارے میں مکمل طور پربریف نہیں کیا گیا تھا۔