کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان سیریز کا آخری میچ ہارنے کے بعد ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن سے بھی ہاتھ دھو بیٹھا، دو دن بعد ہی پاکستان ون ڈے رینکنگ میں تیسری پوزیشن پر آ گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 49.3 اوورز میں 299 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے وِل یونگ 87، ٹام لیتھم 59 اور مارک چپمن 43 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے تین، اسامہ میر اور شاداب خان نے دو دو جبکہ حارث رؤف اور محمد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے فخر زمان 33، شان مسعود 7، بابراعظم ایک، محمد رضوان 9، آغا سلمان 57، شاداب خان 14، شاہین آفریدی صفر، اسامہ میر 20، محمد وسیم 6، حارث رؤف ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ افتخار احمد نے شاندار 94 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ پاکستان کی پوری ٹیم 46.1 اوور میں 252 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اس طرح نیوزی لینڈ نے آخری میچ 47 رنز سے جیت لیا لیکن سیریز 4-1 سے ہار گئی۔