کوہاٹ(این این آئی)کوہاٹ شہر اور مضافاتی علاقوں میں گرچ چمک کے ساتھ ہونے والی شدیدبارش اور ژالہ باری کے باعث کھڑی فصلوں ‘ سبزیوں اور پھلوں کے باغات کو شدید نقصان پہنچا جبکہ درجنوں کی تعدادمیںپرندے مرگئے۔ہفتہ کے روز وقفہ وقفہ سے کوہاٹ اور ملحقہ علاقوں میں بادوباران کے ساتھ کہیں تیز اور کہیں ہلکی ژالہ باری نے کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچایا۔
ژالہ باری اور بارش کے ساتھ ہوائیں بھی چلتی رہیں جس کے باعث موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا ہے۔فوری طورپر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی البتہ کئی مقامات پر درختوں میں پناہ لئے پرندے جان سے گئے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق کوہاٹ کے مضافاتی علاقوں میں شدید ژالہ باری اور موسلادھار بارش کے باعث گندم کی پکی فصل اور باغات کو بری طرح نقصان پہنچاہے۔ یادہے کہ گزشتہ روز تحصیل لاچی کے علاقہ درملک میں موسلادھار بارش اور زبردست ژالہ باری کی زدمیں آکر متعدد مویشی ہلاک ہوگئے تھے۔