انقرہ (این این آئی ) ترکیہ کے کہرامان مرعش میں ملبہ ہٹانے کے لیے کام کرنے والی امدادی ٹیموں نے 6 فروری کو ترکیہ اور شام میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے 49دن بعد ایک بلی کوزندہ نکال لیا۔
اس زلزلے میں ہزاروں افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔میڈیارپورٹس کے مطابق علاقے میں کام کرنے والی ٹیمیں بلی کو نکالنے میں کامیاب رہیں جس کے بعد اسے مزید دیکھ بھال کے لیے متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا گیا ہے۔6 فروری کو جنوب مشرقی ترکیہ میں 7.7شدت کا زلزلہ آیا اور اس کے جھٹکے ملک کے 11صوبوں اور شام سمیت ہمسایہ ممالک کے علاقوں میں محسوس ہوئے۔تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں ایک لاکھ چالیس ہزار عمارتیں منہدم ہوگئیں، ان کے مالکان خیموں اور پناہ گاہوں میں رہنے یا دوسرے شہروں میں منتقل ہونے پر مجبور ہوئے۔ملک کے جنوب میں متاثرہ شہروں کے کچھ بازاروں میں زندگی بتدریج لوٹ رہی ہے۔ زلزلے کے بعد جو دکانیں برقرار تھیں ان کے مالکان نے ماہ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی اپنے دروازے صارفین کے لیے دوبارہ کھول دیے۔