اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی طارق محمود الحسن نے پارٹی سے راہیں جدا کرلیں۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتاہوں
پی ٹی آئی کے عہدوں سے مستعفی ہورہا ہوں۔سابق معاون خصوصی طارق محمود الحسن نے کہاکہ 9 مئی کے واقعات نے اوورسیز پاکستانیوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی سابق ایم پی اے نادیہ عزیز نے پی ٹی آئی چھوڑنے کااعلان کر دیا۔ اتوار کو یہاں نیشنل پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میں ٹکٹ ہولڈر این اے 84 سٹی صدر سرگودھا پی ٹی آئی سے استعفے دے رہی ہوں۔
انہوں نے کہاکہ وقتی طور پر سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر رہی ہوں۔انہوں نے کہاکہ 9 مئی کے واقعات کی میں پرزور مذمت کرتی ہوں،ان حالات میں میرے لیے سیاست کو آگے نہیں بڑھایا جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ پاک فوج ہمیں ہماری جان سے پیاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے شہدا کی بہت قربانیاں ہیں۔
انہوں نے کہاکہ شہدا کی وجہ سے ہی آج ملک قائم ہے میں فوج کے ساتھ کھڑی ہوں۔انہوں نے کہاکہ میں 9 مئی کے احتجاج کا حصہ نہیں ہوں۔انہوں نے کہاکہ میری زبان سے کبھی پاک افواج کے خلاف کوئی لفظ نہیں نکلا۔ انہوں ڈنے کہاکہ نومئی کے واقعات میں ملوث افراد کو ہر صورت سزا ملنی چاہیے۔
نادیہ عزیز نے کہاکہ خواتین کا احترام سب پر واجب ہے،میں نے ہمیشہ میدان کی سیاست کی ہے۔انہوں نے کہاکہ 2018 میں میرا چوتھا الیکشن ہے،میں سرگودھا شہر کی جنرل باڈی کی صدر ہوں۔ انہوں نے کہاکہ سیاست دان نے سیاست نہیں کرنی تو کیا کرے،ہم زیادہ سے زیادہ سیاست چھوڑ ہی سکتے ہیں،سیاسی پارٹی بدلنا میرا آپشن نہیں۔