ممبئی(این این آئی) بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے انکشاف کیا ہے کہ وہ جگر کی بیماری ہیپا ٹائٹس بی میں مبتلا ہیں لیکن پھر بھی عام انسانوں کی طرح زندگی گزار رہے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق امیتابھ بچن نے کہا ہے کہ میں اس ملک کے شہریوں کے لیے زندہ مثال ہوں کہ میں ہیپا ٹائٹس بی میں مبتلا ہونے کے باوجود ایک عام سی زندگی گزار رہا ہوں اور یہ سب کرنے پر میں خوش بھی ہوں۔امیتابھ بچن نے یہ بھی کہا کہ اگر میرا چہرہ اور
آواز لوگوں کی سوچ کو تبدیل کرنے اور اس بیماری کے خلاف لڑنے میں مدد گار ثابت ہوسکتے ہیں تو میں اس بیماری کے ساتھ لوگوں کو آگاہی فراہم کرتا رہوں گا۔لیجنڈ اداکار نے یہ بھی کہا کہ ہیپا ٹائٹس ہوجانے کی وجہ سے کسی فرق سے امتیازی سلوک رکھنا یہ ناقابل قبول ہے اور اس کے خلاف جب تک میں زندہ ہوں تب تک میں لڑتا رہوں گا۔واضح رہے کہ امیتابھ بچن جنوبی مشرق ایشیا میں اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ صحت کے خیر سگالی کے سفیر برائے ہیپا ٹائٹس ہیں۔