انقرہ(این این آئی)ترک صدر رجب طیب اردوان نے امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے جنگ بندی کروانے کی امید ظاہر کردی ۔ترک صدر نے غزہ اور لبنان جنگوں کے بارے میں اپنے خطاب کے دوران غزہ اور لبنان جنگ پر ان کی توجہ مبذول کروائی۔ انھوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی تاریخی کامیابی پر انہیں مبارکباد بھی پیش کی۔
صدر اردوان نے کہا کہ امید ہے ڈونلڈ ٹرمپ اپنی سابقہ حکومتی غلطیاں نہیں دہرائیں گے اور جنگ بندی کیلئے کردار ادا کریں گے۔ ترک صدر نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ سے دوبارہ صدر منتخب ہونے کے بعد فون پر گفتگو ہوئی جس میں غزہ اور لبنان کے مسائل پر بھی بات ہوئی۔انھوں نے قبل ازیں میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ انھوں نے ٹرمپ کو ترکیہ کے دورے کی دعوت دی ہے تاکہ امریکا کے ساتھ ترکی کے کشیدہ تعلقات کو بحال کرنے کی کوشش کی جائے۔انہوںنے کہاکہ دوران گفتگو ٹرمپ نے ترکی کے بارے میں بہت مثبت بات کی۔