اسلام آباد (نیوز ڈیسک) آسٹریلوی تیز رفتار گیند باز مچل اسٹارک نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک نیا سنگِ میل عبور کر لیا۔ وہ ٹیسٹ فارمیٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پہلے بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر بن گئے ہیں۔ اسٹارک نے یہ اعزاز حاصل کر کے پاکستان کے مایہ ناز سابق فاسٹ باؤلر وسیم اکرم کا ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیا۔
وسیم اکرم نے اپنے کیریئر میں 414 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کی تھیں، تاہم اسٹارک نے ایشز کی دوسری ٹیسٹ میں 102ویں میچ کے دوران انگلینڈ کے بیٹر ہیری بروک کو آؤٹ کر کے اپنی وکٹوں کی تعداد 415 تک پہنچا دی۔ یہ کامیابی انہیں اس فہرست میں سب سے آگے لے آئی۔ریکارڈ ٹوٹنے پر وسیم اکرم نے مچل اسٹارک کے لیے نیک تمناں کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اُن پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسٹارک کی انتھک محنت اور لگن ہی انہیں دوسروں سے منفرد بناتی ہے۔ وسیم اکرم نے امید ظاہر کی کہ اسٹارک مستقبل میں بھی اسی طرح کامیابیوں کے جھنڈے گاڑتے رہیں گے۔















































