لاہور ( این این آئی) سہ ملکی سیریز اور چیمپئنز ٹرافی میں حصہ لینے کے لئے جنوبی افریقہ کی ٹیم لاہور پہنچ گئی،کھلاڑی ایک روز مکمل آرام کے بعد آج (ہفتہ ) سے ٹریننگ کا آغاز کریں گے۔پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان سہ فریقی سیریز 8فروری سے شروع ہو رہی ہے، جس میں شرکت کے لیے جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم بھی لاہور پہنچ گئی۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم براستہ دبئی نجی ایئر لائن سے لاہور پہنچی، جسے سخت سکیورٹی کے حصار میں نجی ہوٹل میں پہنچا دیا گیا۔جنوبی افریقہ کی ٹیم نے جمعہ کے روز مکمل آرام کیا اور آج (ہفتہ ) سے ایل سی سی اے گرائونڈ میں پریکٹس کا آغاز کرے گی، اس سے قبل نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم پہلے ہی لاہور پہنچ چکی ہے۔واضح رہے کہ سہ فریقی سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان ٹیم آج ہفتے کو نیوزی لینڈ سے قذافی اسٹیڈیم میں مقابلہ کرے گی جبکہ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان سہ ملکی سیریز کا دوسرا میچ 10فروری کو قذافی اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔