اسلام آباد(آن لائن)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شریک غیر ملکی کھلاڑی کورونا وائرس کے خوف کے باعث محتاط ہو گئے اور احتیاطی تدابیر کے طور پر چہروں پر ماسک کا استعمال شروع کر دیا۔
پی ایس ایل کے میچز پہلی مرتبہ پاکستان کے چار شہروں میں ہو رہے ہیں ۔ملتان نے تین میچوں کی میزبانی کا اپنا کوٹہ مکمل کر لیا ہے، اب کھلاڑی لاہور، کراچی اور اسلام آباد کے درمیان سفر جاری رکھیں گے۔ پی ایس ایل کا فائنل 22 مارچ کو لاہور میں شیڈول ہے۔پی ایس ایل کے میچز کے دوران ہی کراچی اور اسلام آباد میں کرونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں، ایسے میں جہاں ہر کوئی احتیاطی تدابیر اختیار کر رہا ہے وہاں پی ایس ایل کے غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل ہیں۔لاہور قلندرز کی ٹیم نے پنڈی اسٹیڈیم میں پشاور زلمی کے خلاف میچ کے بعد اسلام آباد سے لاہور کا سفر کیا جہاں اس نے اپنا اگلا میچ 3 مارچ کو کھیلنا ہے، لاہور قلندرز کے غیر ملکی کھلاڑیوں نے سفر چہروں پر ماسک کے ساتھ کیا۔لاہور قلندرز کے آل راؤنڈر ڈیوڈ ویزے نے ماسک کے ساتھ کھلاڑیوں کی تصویر پوسٹ کی جس میں کسی بھی وائرس کے خلاف لڑنے کے لیے کھلاڑیوں نے ماسک پہنے ہوئے ہیں۔