لاہور(این این آئی) قومی کرکٹ ٹیم ہفتے کوآسٹریلیاروانہ ہورہی ہے جہاں تین ٹی ٹونٹی میچزکے بعد پاکستان آئی سی سی ٹیسٹ چمپئن شپ کاآغازکرے گا۔ آسٹریلوی ٹور نئے کپتان اورنوجوان پلیئرز پرمبنی ٹیم اورکوچ مصباح الحق کی بھی پہلی بڑی آزمائش ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم نئے ٹی ٹونٹی کپتان
بابراعظم اورٹیسٹ قائداظہرعلی کی زیر قیادت ہفتے کوآسٹریلیاروانہ ہورہی ہے جہاں قومی ٹیم میزبان کے ساتھ تین ٹی ٹونٹی میچزکھیلے گی جس کے بعدپاکستان آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں اپنی پہلی سیریز بھی آسٹریلیاسے کھیلے گی۔پی سی بی نے ٹیسٹ اسکواڈ کوبھی موسم اورکنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کی خاطرٹی ٹونٹی ٹیم کے ساتھ بھیجنے کا فیصلہ کیاہے۔ نئے کپتان اورنوجوان پلیئرز پرمبنی ٹیم کے ساتھ دورہ آسٹریلیاہیڈ کوچ مصباح الحق کی بھی بڑی آزمائش ہوگی۔دورے کاآغازاکتیس اکتوبرکوسڈنی میں ٹی ٹونٹی پریکٹس میچ سے ہوگا۔تین نومبرکوپہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سڈنی ہی میں کھیلاجائے گا۔دوسراڈے نائٹ میچ کینبرامیں پانچ نومبرکوشیڈول ہے۔آٹھ نومبرکوپاکستان اورآسٹریلیاپرتھ میں تیسرا ٹی ٹوئنٹی کھیلیں گے۔دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز گیارہ سے تیرہ نومبرتک قومی ٹیم تین روزہ پریکٹس میچ اورپندرہ سولہ نومبرکودو روزہ پریکٹس میچ کھیلے گی۔اکیس نومبرکو پہلا ٹیسٹ برسبین میں کھیلاجائے گا۔ایڈیلیڈانتیس نومبرسے ڈے نائٹ ٹیسٹ کی میزبانی کرے گا۔