لاہور(آن لائن) ورلڈ کپ سے قبل قومی کھلاڑیوں نے خواب میں بشارتوں کے قصے سنانا شروع کردیئے ہیں اور وہاب ریاض کی جانب سے سلیکشن کا خواب دیکھنے کے بعد فخرزمان نے بھی حیران کن انکشاف کردیا کہ انہوں نے چیمپئنز ٹرافی کے دوران خواب میں دیکھا تھا کہ
وہ جسپریت بمراہ کی نو بال پر آؤٹ ہو جائیں گے اور ایسا ہی ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ اس لمحے انہیں یہ سوچ کر بہت مایوسی ہوئی تھی کہ انہوں نے والدین سے اچھے کھیل کا وعدہ کیا تھا لیکن اس نوبال نے انہیں کیریئر کے چوتھے میچ میں سنچری بنانے کا موقع فراہم کردیا جس کے بعد ان کا نام گھر گھر میں لیا جانے لگا۔پاکستان نیوی سے تعلق کی وجہ سے ٹیم کے ساتھیوں میں ”سولجر“ کے نام سے پکارے جانے والے فخرزمان کا کہنا تھا کہ انہوں نے چیمپئنز ٹرافی میں پاکستانی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور اب وہ 1992ء کے بعد قومی ٹیم کو پہلی بار ورلڈ کپ جتوانے کیلئے بھی پرعزم ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کی سنچری نے انہیں شہرت کے بام عروج پر پہنچایا لیکن پختگی کے حصول کے ساتھ ذمہ داری بھی بڑھتی گئی اور اب ٹیم میں اپنی اہمیت کا بھی بخوبی احساس ہو چکا ہے۔فخر زمان کا مزید کہنا تھا کہ ان کا کردار قومی کرکٹ ٹیم میں زیادہ سے زیادہ اور تیزی سے رنز اسکور کرنے کا ہے اور ان کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ اپنا یہ موثر اور فتح گر کردار تسلسل کے ساتھ نبھایا جائے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ ان کی محنت کبھی بھی رائیگاں نہیں جائے گی