لندن(این این آئی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کے زیر اہتمام آئندہ ماہ انگلینڈ میں شروع ہونے والے عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گی۔ یہ میچ ناٹنگھم میں کھیلا جائے گا۔ روایتی حریفوں پاکستان
اور بھارت کا ٹاکرا 16 جون کو مانچسٹر میں ہو گا۔ آئی سی سی ورلڈ کپ 30 مئی سے 14 جولائی تک انگلینڈ میں کھیلا جائیگا جس میں آسٹریلوی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی ٹیم کو 16 جون کو پاکستان کا چیلنج درپیش ہو گا۔ پاکستان کی ٹیم میگا ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ناٹنگھم میں کھیلے گی، گرین شرٹس دوسرا میچ 3 جون کو میزبان انگلینڈ کے خلاف ناٹنگھم میں کھیلے گی، تیسرا میچ 7 جون کو سری لنکا کے خلاف برسٹول میں کھیلے گی، پاکستان ٹیم اپنا چوتھا میچ عالمی چمپئن آسٹریلیا کے خلاف ٹائونٹن میں کھیلے گی، پاکستان ٹیم پانچواں میچ 16 جون کو روایتی حریف بھارت کے خلاف مانچسٹر میں کھیلے گی، چھٹا میچ 23 جون کو جنوبی افریقہ کے خلاف لارڈز میں کھیلے گی، ساتواں میچ 26 جون کو نیوزی لینڈ کے خلاف برمنگھم میں کھیلے گی، آٹھواں میچ 29 جون کو افغانستان کے خلاف لیڈز کے مقام پر کھیلے گی جبکہ نواں میچ بنگلہ دیش کے خلاف 5 جولائی کو لارڈز کے مقام پر کھیلے گی۔