اسلام آباد (این این آئی)قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں افغانستان کے خلاف اپ سیٹ شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم نے کم رنز اسکور کیے تھے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہم نے زیادہ رنز نہیں بنائے تھے۔
اور ہمارے کم از کم 20-30 رنز کم تھے جو ناکامی کا بڑا سبب تھا۔انہوں نے کہا کہ کم رنز بنانے کے بعد ہم ابتدائی اوورز میں زیادہ اچھی باؤلنگ نہ کر سکے اور وکٹیں لینے میں ناکام رہے جو شکست کا سبب بنا۔سرفراز احمد نے کہا کہ جب آپ میچ ہار رہے ہوں تو کافی مشکل ہو جاتی ہے اور میں کھلاڑیوں سے کہتا ہوں کہ وہ ہمت نہ ہاریں، ہمارا کوچنگ اسٹاف بہت سخت محنت کر رہا ہے اور ہم جلد اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔کپتان نے کہا کہ ہماری بیٹنگ اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے، آج ہم نے کم رنز اسکور کیے لیکن ہمیں اصل محنت اپنی باؤلنگ پر کرنے کی ضرورت ہے۔سنچری بنانے والے بابر اعظم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بابر نے اچھی اننگز کھیلی اور یہ ایک اچھی چیز یہ ہے کہ ہمارا سب سے اہم بلے باز مستقل رنز کر رہا ہے۔سرفراز احمد نے کہا کہ ہم نے وہاب ریاض کو ان کی تیز باؤلنگ اور ریورس سوئنگ کی وجہ سے ورلڈ کپ کے اسکواڈ میں منتخب کیا اور انہوں نے میچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔