میلبورن(این این آئی)سابق آسٹریلین کرکٹر مائیکل سلیٹر کو اشتعال انگیز رویہ اختیار کرنے پر جہاز سے اتار لیا گیا اور انہوں نے اپنے خراب رویے پر معذرت بھی کر لی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سلیٹر قنتاس فلائٹ کے ذریعے سڈنی سے نیو ساؤتھ ویلز ٹاؤن واگا واگا جا رہے تھے کہ ایئر پورٹ پر ہی ان کی 2 خواتین سے بحث ہو گئی جس پر سابق آسٹریلین اوپنر نے جارحانہ انداز اختیار کیا۔بعدازاں انہوں نے 74 سیٹ کے ہوائی جہاز میں خود کو ٹوائلٹ
میں بند کر دیا اور باہر آنے سے انکار کر دیا۔ایئر پورٹ انتظامیہ نے سیکیورٹی اہلکاروں کی مدد سے انہیں ٹوائلٹ سے باہر نکالا اور فلائٹ آدھا گھنٹہ تاخیر کا شکار ہونے کی وجہ سے انتظامیہ نے انہیں جہاز سے اتار لیا۔سلیٹر نے بعد میں اپنے رویے پر معذرت بھی کی۔مائیکل سلیٹر ان دنوں معروف آسٹریلین نشریاتی ادارے سیون نیٹ ورک سے بحیثیت کمنٹیٹر منسلک ہیں اور انہوں نے 1993 سے 2001 تک 74 ٹیسٹ میچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی تھی۔