لاہور( آن لائن ) ورلڈ کپ 2019 کی جنگ ، شاہینوں کے 15رکنی دستے کا اعلان کردیا گیا ، محمد عامر ، وہاب ریاض ، آصف علی، شاداب شامل ، عابد علی ، جنید خان، فہیم اشرف ، یاسر شاہ کو ٹیم سے آئوٹ کرکے ورلڈ کپ کے محاذ سے وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سیلیکٹر انصام الحق نے
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران ورلڈ کپ 2019 کے اسکواڈ میں تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے 15 رکنی قومی کرکٹ ٹیم کو حتمی شکل دے دی۔ انضمام الحق نے کہا کہ شاداب خان کو بھی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ ڈاکٹرز نے شاداب کو سو فیصد کلیئر قرار دے دیا ہے اور وہ مکمل طور پر صحت یاب ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنید خان، فہیم اشرف اور عابد علی کو ورلڈ کپ اسکواڈ سے ہٹا کر بائولنگ لائن میں تجربہ کار کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ وہاب ریاض ریورس سوئنگ کرنا جانتے ہیں جبکہ عامر اور وہاب ریاض کی شمولیت سے فاسٹ بائولنگ کے شعبہ میں بہتری آئے گی۔چیف سلیکٹر نے کہا کہ تجربہ کار عامر اور وہاب ریاض کی ٹیم میں شمولیت کا فیصلہ فاسٹ بالرز کی ایک روزہ سیریز میں کارکردگی کے بعد کیا گیا جبکہ عابد علی کو ٹیم میں شامل نہ کرنا ایک مشکل فیصلہ تھا لیکن فخر زمان اور امام الحق مکمل طور پر فارم میں ہیں جبکہ آصف علی کو عابد علی پر ان کی پاور ہٹنگ کی وجہ سے فوقیت دی گئی۔انہوں نے کہا کہ آصف علی کی بیٹی کے انتقال کی وجہ سے انہیں امریکا یا پاکستان جانے کی اجازت ہو گی تاہم ہماری کوشش ہو گی کہ وہ وارم اپ میچز سے قبل واپس آجائیں۔
ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم میں سرفراز احمد(کپتان و وکٹ کیپر)فخر زمان،امام الحق،بابر اعظم، محمد حفیظ،شعیب ملک،حارث سہیل،آصف علی،شاداب خان ،عماد وسیم، محمد عامر،محمد حسنین،حسن علی اورشاہین شا ہ آفریدی شامل ہیں ۔واضح رہے کہ ورلڈ کپ سے قبل پاکستان نے 24 اور 26 مئی کو بنگلہ دیش اور افغانستان کے خلاف ورلڈکپ کے وارم اپ میچز کھیلنا ہیں،افغانستان کیخلاف وارم اپ میچ 24مئی کو برسٹل میں منعقد ہوگا ۔
جبکہ بنگلہ دیش کیخلاف 26مئی کو کارڈف میں وارم اپ میچ ہوگا ۔31مئی کو قومی ٹیم ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹرینٹ برج میں اپنا پہلا میچ کھیلے گی ،دوسرا میچ 3جون کو انگلینڈ کیخلاف ٹرینٹ برج میں ہوگا ،تیسرا میچ 7جون کو سری لنکا کیخلاف برسٹل میں ہوگا ،چوتھا میچ 12جون کو آسٹریلیا کیخلاف ٹانٹن میں ہوگا ،5واں میچ 16جون کو بھارت کیخلاف اولڈ ٹریفرڈ میں کھیلا جائیگا ،چھٹا میچ 23جون کو ساتھ افریقہ کیخلاف لارڈز میں ہوگا، 7واں میچ نیوزی لینڈ کیخلاف 26جون کو ایجبیسٹن میں منعقد ہوگا ،8واں میچ 29جو ن کو افغانستا ن کیخلاف ہیڈنگلے میں ہوگا جبکہ نواں میچ بنگلہ دیش کیخلاف لارڈز میں5 جولائی کو ہوگا۔