لاہور(این این آئی)گولڈن آرم سے عالمی شہرت حاصل کرنے والے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر نے فاسٹ بولر محمد عامر کو ورلڈ کپ کیلئے ضروری قرار دیدیا۔ورلڈ کپ 2019ء کے باقاعدہ آغاز 30مئی میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ سے ہوگا۔
اور 23 مئی تک پاکستان ٹیم ورلڈ کپ کے 15 رکنی اسکواڈ میں آئی سی سی کی منظوری کے بغیر رد و بدل کر سکتی ہے ۔محمد عامر آصف علی کے ساتھ انگلینڈ سیریز کے لیے دو اضافی کھلاڑیوں میں شامل ہیں جبکہ شاداب خان بھی اس وقت ٹیم میں شامل نہیں ہیں اور شاہین شاہ آفریدی سمیت بولرز ایک دو سال سے کھیل رہے ہیں۔ اس حوالے سے مدثر نذر کا کہنا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ محمد عامر کو ورلڈ کپ ٹیم میں ہونا چاہیے، وہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں وکٹیں لیکر فارم میں آئیں سخت محنت کریں کیونکہ محمد عامر تجربہ کار ہیں ان کے لیے ورلڈ کپ کھیلنا بہت ضروری ہے۔مدثر نذر نے کہا کہ پاکستان ٹیم 1982ء سے لیکر اب تک انگلینڈ میں اچھا پرفارم کرتی آرہی ہے، چیمپیئنز ٹرافی میں آغاز اچھا نہیں تھا لیکن پھر بھی پاکستان ٹیم چمپئن بنی۔انہوں نے شاداب خان سے متعلق بھی امید ظاہر کی اور کہا کہ وہ ورلڈ کپ کھیلیں گے کیونکہ اکیڈمی میں سب ان کے بارے میں بہت مثبت ہیں۔