پشاور (ین این آئی) خیبر پختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سابق صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ نے کہا ہے کہ نیشنل گیمز کی تیاریاں شروع کر دی ہیں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے خیبر پختونخوا کو گیمز الاٹ کر دیئے ہیں اب صرف خیبر پختونخوا حکومت نے
منظوری دینی ہے۔ وہ کھیلوں کے رسالے سپورٹس پلس کی 12 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، عظمت اللہ اور سہیل احمد نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ سید عاقل شاہ نے کہا کہ نیشنل گیمز ستمبر کے آخر میں کرائے جائیں گے جس سے کھلاڑیوں کو سیف گیمز کی تیاریوں کا موقع ملے گا ضم قبائلی اضلاع کے کھلاڑیوں کی شمولیت سے خیبر پختونخوا کا دستہ مزید مضبوط ہوگا اور پہلے سے اچھی پوزیشن لینے کے امکانات بڑھیں گے۔ انہوں نے ضم قبائلی اضلاع کے اولمپک ایسوسی ایشن سے الحاق بارے کہا کہ پہلے ضم اضلاع کی ایسوسی ایشنوں کو صوبائی ایسوسی ایشنیں الحاق دیں گی جس کے بعد ضم اضلاع کو اولمپک ایسوسی ایشن سے الحاق دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع کو صوبے میں ضم کرنے سے وہاں سے کے نوجوانوںکو کھیلوں کے قومی دھارے میں لانے کا موقع مل گیا ہے نوجوانوں کھلاڑی آگے آئیں گے وہ صوبائی، قومی اور بین الاقوامی مقابلوں کے لئے ٹیموں میں جگہ بنائیں گے۔